Blog

_fabd499b-2fdc-47e2-8653-08fc96ce6594

”تم نے ذوالقرنین سے بات کی؟”
اس واقعہ سے تقریباً ایک ہفتے کے بعد عمر نے ایک شام اس سے پوچھا۔
”ہاں۔۔۔”
”پھر…؟”
”وہ آپ سے ملنا نہیں چاہتا۔” علیزہ نے اس سے نظریں ملائے بغیر کہا۔
”کیوں؟” عمر کو بہت حیرت نہیں ہوئی۔
”یہ مجھے نہیں پتا… وہ کہہ رہا تھا کہ آپ کو اس سے کیا بات کرنی ہے؟”
”تم نے اسے نہیں بتایا؟”
”نہیں… مجھے بہت مشکل لگ رہا تھا۔” اس نے کچھ ندامت سے کہا۔
”مگر بات تو اس سے کرنا ہی ہے۔ آج نہیں تو کل… کل نہیں تو پرسوں۔”
”میں کیا کروں… وہ ملنا نہیں چاہتا، تو میں اسے مجبور کیسے کر سکتی ہوں؟” علیزہ نے بے چارگی سے کہا۔
”اگر وہ تمہارے بارے میں واقعی سیریس ہے تو اسے مجھ سے ملنے سے ڈرنا نہیں چاہئے۔” عمر اب سنجیدہ ہو گیا تھا۔
”علیزہ !کیا وہ تمہارے بارے میں واقعی سیریس ہے؟”
”ہاں… میں نے آپ سے کہا ہے نا وہ دوسروں سے Differentہے۔”
علیزہ نے عمر کو یقین دلانے کی کوشش کی۔ عمر کچھ دیر خاموش رہا۔
”اگلی بار تم اس سے کہاں مل رہی ہو؟”
علیزہ بلش ہوئی۔

”کہیں بھی نہیں… اب میں اس سے نہیں ملوں گی۔”
”میں چاہتا ہوں، تم اس سے ملو اور اس بار میں تمہارے ساتھ جاؤں گا۔”
”مگر وہ آپ سے ملنا نہیں چاہتا۔”



”اسے پہلے سے بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اس سے کہوں گا کہ میں تمہیں چھوڑنے آیا ہوں، اور پھر اس سے کچھ بات چیت ہوگی۔” عمر نے جیسے مسئلے کا حل نکال لیا تھا۔
”لیکن اگر وہ ناراض ہو گیا تو؟” علیزہ کو فکر ہونے لگی۔
”ناراض کس بات پر ہو گا؟”
”اس طرح آپ سے ملوانے پر۔”
”تم نے خود کہا ہے وہ ایک مختلف آدمی ہے۔ میں بھی دیکھنا چاہتا ہوں وہ کتنا Different ہے۔ اگر وہ تمہارے بارے میں واقعی سنجیدہ ہے تو ناراض نہیں ہو گا، اور میں اس سے لڑنے تو نہیں جا رہا۔ اچھے ماحول میں بیٹھ کر اس سے کچھ اچھی اچھی باتیں ہوں گی۔ اس میں خفگی کہاں سے آجاتی ہے۔”
عمر اسے مطمئن کر رہا تھا علیزہ سوچ میں پڑ گئی۔

”ٹھیک ہے، میں آپ کو اس سے ملوا دیتی ہوں۔” کچھ دیر بعد وہ جیسے کسی فیصلہ پر پہنچ گئی۔
”تم اسے کہاں بلواؤ گی؟”
”برٹش کونسل۔” اس نے کہا عمر نے حیرانی سے اسے دیکھا اور پھر اس کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی۔
”اچھا تو میرے ساتھ برٹش کونسل جانے پر اس لئے اعتراض ہوا تھا، وہاں ذوالقرنین صاحب سے ملاقات ہوتی ہوگی۔”
علیزہ اس کی بات پر خجل ہو گئی۔
”بہرحال تم برٹش کونسل کے بجائے اسے کسی پارک میں بلواؤ۔” عمر نے جگہ طے کرتے ہوئے کہا ”یا پھر کسی ریسٹورنٹ میں۔”
٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!