Blog

Dana-Pani-Ep-6

چوہدری شجاع نے حویلی کے صحن میں لگی بگھی کو دیکھ کر اندر آتے ہوئے کچھ حیرانی سے تاجور سے پوچھا تھا جو سنگھار میز کے سامنے تیار ہورہی تھی۔
” تم کہیں جارہی ہو؟ “تاجور نے ایک بے حد معنی خیز گہری مسکراہٹ کے ساتھ شوہر کو دیکھا اور کہا۔



” ہاں بابا جان کے پاس… ماہ نور کا رشتہ مانگنے۔ آپ کے کپڑے بھی نکال دیئے ہیں ملازم نے۔ آپ بھی تیار ہوجائیں ۔”
چوہدری شجاع کو لگا تاجور کا دماغ خراب ہوگیا تھا۔
“تم ہوش میں تو ہو۔ تمہیں بتا نہیں دیا میں نے کہ گامو کو زبان اور تاریخ دے آیا ہوں میں اور یہی تمہارے بیٹے کی بھی مرضی ہے۔ ”
اس نے بڑی ناراضگی سے جیسے بیوی کو یاد دلایا۔ تاجور نے بڑے اطمینان سے جھمکے پہنتے ہوئے کہا۔
“چوہدری صاحب مرضی بدل گئی ہے آپ کے بیٹے کی۔ وہ اب نہیں کرے گا موتیا سے شادی چاہے آپ نے زبان دی ہو یا نہیں۔”
چوہدری شجاع ہکا بکا بیوی کا چہرہ دیکھتا رہا۔ اور اس سے پہلے کہ وہ اس سے کوئی اور سوال کرتا مراد اندر آیا تھا۔
“امی ٹھیک کہہ رہی ہیں ابو۔ موتیا سے شادی نہیں کرنی میں نے۔”
” کیوں؟… تم نے مذاق بنارکھا ہے ایک دن ایک بات کرتے ہو اگلے دن دوسری۔ میں کیا کہوں گا گامو کو۔” چوہدری شجاع اس پر غضبناک ہوا تھا۔
” آپ کو کہنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ میں نے خود موتیا کو بتادیا ہے کہ میں اس سے شادی نہیں کروں گا۔ آپ کو اب گامو کے سامنے سر نیچا نہیں کرنا پڑے گا۔ “مراد کہہ کر کمرے سے چلا گیا تھا۔
” چلیں چوہدری صاحب اب لمبی سوچوں میں نہ پڑیں۔ بیٹے کی طرح فیصلے کیا کریں فٹافٹ … اسی تاریخ کو ماہ نور کو بیاہ کر لے آؤں گی اپنے مراد کی دلہن بنا کر جس تاریخ کو موتیا کو بیاہنے جانا تھا۔” تاجور نے عجیب انداز میں جیسے مذاق اڑاتے ہوئے شوہر سے کہا تھا جو صرف اس کا چہرہ دیکھ کر رہ گیا تھا۔
“اور اگر گامو میرے پاس آگیا تو۔” اس نے جیسے اپنا خدشہ ظاہر کیا۔
” وہ نہیں آئے گا چوہدری صاحب… بیٹی بتادے گی باپ کو کہ اس کے کن کرتوتوں کا پتہ چل گیا ہے ہمیں اور گامو تو پھر منہ چھپاتا پھرے گا آپ سے ۔اب تفصیل سننے نہ بیٹھ جائیں آپ! واپسی پر بیٹے سے پوچھ لیں سب کچھ۔ جس نے رنگے ہاتھوں پکڑا ہے اسے۔ مجھے تو کچھ بتایا ہی نہیں اس نے۔” تاجور نے بڑی بے نیازی سے کہا اور کمرے سے نکل گئی اور چوہدری شجاع کچھ اور پریشان ہوگیا۔



٭…٭…٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!