Blog

cover-3 (3)

تاجور دُلہا بنے مراد کو دیکھ کر اُس سے نظریں ہی نہیں ہٹا سکی۔ وہ روپ اُس پر تب بھی آیا تھا جب وہ ماہ نور کو بیاہنے گیا تھا،مگر آج تو کوئی اور ہی روپ آیا ہوا تھا اُس پر۔
” اس طرح کیوں دیکھ رہی ہیں مجھے؟ کیا پیارا نہیں لگ رہا؟”
مراد نے مسکراتے ہوئے ماں سے کہا تھا۔



”تُو تو ماں کی آنکھوں کا تارہ ہے۔ تو کیوں پیارا نہیں لگے گا۔ اللہ نظرِ بد سے بچائے تجھے۔”
تاجور نے اپنی آنکھ سے انگلی سے تھوڑا سا کاجل نکال کر اُس کے ماتھے کے ایک کونے پر لگایا تھا اور اُس سے نظریں ہٹا لی تھیں۔ وہ سفیدکپڑوں میں ملبوس ماں اور باپ کے ساتھ چلتے ہوئے صحن میں آیا تھا۔ جہاں وہ کُرسی رکھی ہوئی تھی جس پر بیٹھ کر اُ س نے ماں سے سہرا بندھوانا تھا۔ اوپر ی منزل کے چھجے سے ماہ نور نے مراد کو دیکھا تھا اور اُس کے دل سے ہوک اُٹھی تھی۔ وہ شہزادہ اُس کا تھااور کسی اور کو بیاہنے جارہا تھا اور وہ اُس شہزادی کی موت کا انتظار کررہی تھی جسے اس حویلی کی ملکہ بن کر آنا تھا۔
کُرسی پر بٹھا کر سہرابندی کی رسم شروع کرنے سے پہلے چوہدری شجاع نے ملازم کو مٹھائی لانے کے لئے کہا تھا اور ملازم چند منٹوں میں لڈّوؤں کا وہی تھال لے آیا تھا جو تاجور نے شکوراں کو موتیا کے گھر لے جانے کے لئے دیا تھا۔
” پہلے منہ میٹھا کروا دو بیٹے کا ، پھر ہار پھول پہناتے ہیں۔”
چوہدری صاحب نے ہنستے ہوئے کہا تھا۔ تاجور نے بسم اللہ پڑھتے ہوئے تھال میں سے ایک لڈّو اُٹھایا اور لڈّو اُٹھاتے ہوئے وہ تھال دیکھ کر اُلجھی تھی۔ اُسے لگا تھا کہ وہ وہی تھال تھا جو اُس نے شکوراں کو دیا تھا کیونکہ وہ لڈّو اُس نے او ر ماہ نور نے کچھ مختلف طریقے سے بنائے اور سجائے تھے اور پھر خاص ترتیب سے چاندی کے ورق لگا کر اُنہیں تھال میں رکھا تھا۔ لیکن پھر اُسے لگا کہ اُسے وہم ہورہا تھا۔ وہ تھال تو کتنی دیر پہلے شکوراں لے کر جاچکی تھی۔ اپنے سامنے اُس نے اُسے حویلی کے دروازے سے تھال سمیت نکلتے ہوئے دیکھا تھا اور اب تک تو وہ یقیناً موتیا کو لڈّو کھلا چکی ہوگی اور کسی بھی وقت وہاں موتیا کی موت کی خبر آنے والی تھی۔
اپنے وہم کو سر سے جھٹک کر اُس نے لڈّو اُٹھاکر تھا اور مراد کے منہ میں رکھا تھا جو وہ ہنستے ہوئے سارا ہی کھاگیا تھا۔ تاجور نے بھی ہنستے ہوئے اُسے لڈّو کھانے دیا تھا۔ لڈّو کھاتے کھاتے اُس نے مراد کے چہرے کے تاثرات بدلتے دیکھے تھے۔ وہ اپنا گلا پکڑرہا تھا، یوں جیسے وہ لڈّو اُس کے حلق میں اٹک گیا ہو۔ تاجور نے عجیب سی کیفیت میں اُسے دیکھا تھا اور پھر اُسی لمحہ حویلی کے صحن میں داخل ہوتی ہوئی شکوراں کو جو بڑے اطمینان سے آرہی تھی۔



کسی نے تاجور کے کلیجے پر ہاتھ ڈالا تھا۔ وہ چیخی تھی:
”مراد لڈّو تھوک دے! مت نگل!”
اُسے دیر ہوچکی تھی۔ مراد اپنا گلا پکڑتے ہوئے فرش پر گرا تھا اور کچھ بھی کہے بغیر تڑپنے لگا تھا۔ اوپر چھجے میں بیٹھی ماہ نور چیخ مار کر نیچے کی طرف دوڑی تھی۔
”سانس لے مراد سانس لے!”
تاجور روتے اور چلّاتے ہوئے اُس سے کہہ رہی تھی۔ وہ مچھلی کی طرح تڑپ رہا تھا۔ چوہدری شجاع چلّار ہاتھا۔حویلی کے ملازم بھاگ رہے تھے۔ کوئی پانی پکڑرہا تھا، کوئی ڈاکٹر اور حکیم کو بلانے بھاگا۔کوئی گاڑی حویلی کے صحن میں لانے کے لئے اور اِن سب کے بیچوں بیچ شکوراں نے کسی ملازم سے سُنا تھا۔
” چوہدری مراد نے لڈّو کھایا ہے اور کچھ ہوگیا ہے اُنہیں۔”
شکوراں بھاگتی ہوئی تاجور، ماہ نور اور چوہدری شجاع کے پاس آئی تھی۔ مراد ساکت اب تاجور کی گود میںسر رکھے ہوا تھا۔ اُس کے ہونٹوں سے خون اور جھاگ نکل رہے تھے۔ تاجور اور ماہ نور چیخیں ماررہی تھیں اور چوہدری شجاع دھاڑیں مار مار کر رورہا تھا۔
”پھوپھو آپ نے موتیا کو زہر والے لڈّو کھلانے تھے۔ آپ نے میرے ہاتھوں سے میرے ہی شوہر کے لئے زہر والے لڈّو بناکر اُسے کھلادیئے۔”
ماہ نور چیختی ہوئی تاجور سے کہہ رہی تھی اور وہاں کھڑے ہر شخص کو چند لمحوں میں ہی پتہ چل گیا کہ وہاں کیا ہوا تھا۔
تاجور یک دم جیسے تماشا بن گئی تھی۔ اُس نے اپنے بیٹے کو اپنے ہاتھوں سے زہر دے کر ماردیا تھا۔وہاں کھڑے لوگ کان پکڑ کر توبہ کررہے تھے اور چوہدری شجاع اب تاجور کو قتل کردینے کے لئے لپک رہا تھا اور اُس کے ملازمین اُسے پکڑ رہے تھے۔
چوہدری مراد کی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح سارے گاؤں میں پھیلی تھی اور گاؤں کی عورتیں یہ خبر دینے موتیا کے گھر بھی دوڑی تھیں۔ اُس کے گھر کا دروازہ چوپٹ کھلا تھا اور وہاں نہ موتیا تھی، نہ اللہ وسائی۔
اگلے چند گھنٹوں میں گاؤں کے لوگوں نے اُنہیں ہر جگہ ڈھونڈ لیا تھا۔ اُن دونوں کا کہیں پتہ نہیں تھا۔ پھر گاؤں والوں نے سوچا، وہ نہر میںکود گئی ہوں گی۔ شاید مراد کی موت کا صدمہ اُن کے لئے بہت زیادہ ہوگیا تھا۔
…٭…

‘ ‘ تین سال کا تھا جب بھاگ جاتا تھا اور میں پکڑ کر لے آتی تھی۔ اب نہیں پکڑا گیا۔ پتہ نہیں کہاں چلا گیا۔”
و ہ تاجور تھی جو حویلی کے ہر کمرے میں اب مراد کو ڈھونڈتی پھرتی اپنے آپ سے کہتی رہتی تھی، یوں جیسے حویلی میں صرف مراد اور وہی تھے اور کوئی نہیں تھا۔ نہ چوہدری شجاع، نہ ماہ نور، نہ اُس کے بچے۔ بس وہ اور مراد!



کئی مہینے چوہدری شجاع نے تاجور سے بات نہیں کی تھی اور پیر ابراہیم اُسے واپس اپنے پاس لے آیا تھا۔ وہ باپ تھا! بیٹی گناہ گارسہی لیکن وہ اسے چھوڑ نہیں سکتا تھا۔ مگر کئی مہینوں بعد اُس کی بگڑتی ذہنی کیفیت دیکھ کر وہ اُسے واپس حویلی لے آیا تھا۔ اُس کا خیال تھا ماہ نور اور بچوں کو دیکھ کر وہ بہل جائے گی پر ایسا نہیں ہوا تھا۔ وہ سارا دن مراد کو حویلی میں ڈھونڈتی پھرتی اور جب تھک ہارجاتی تو اپنے آپ کو کوستی۔
”جاتا جور تیرا بیڑا غرق تیرا ستیاناس! تو نے بیٹا ماردیا اپنا۔”
وہ روتی چلّاتی اور پھر آخر میںبلند آواز میں کہتی:
” میں تاجور نہیں میں موتیا ہوں مراد کی موتیا! موتیا کا مراد!”
…٭…

Comments(2)

    • Shahnaz Naima

    • 2 years ago

    Zaberdust as usual umaira Ahmad ka koi b novel hikat k baghair nahi hota tasawuf se pur mind blowing tahreer 💗💗💝💖💖💓😘😘😘💕💕💕💞💞💞💞💖💖💝💝💝😘😘😘😘

    • Ayeisha

    • 2 years ago

    Another Masterpiece MashaAllah. Heart touching story ,literally I started crying in the end… (waiting for another journey of Murad and Motiia ..)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!